ہریدوار، 3/مئی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)کیدارناتھ مندر میں درش کرنے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی بدھ کو ہری دوار پہنچے، جہاں انہوں نے یو گ گرو بابا رام دیو کے پتنجلی یوگ پیٹھ میں واقع پتنجلی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کا افتتاح کیا۔بابا رام دیو نے وزیر اعظم نریندر مودی کو اعزازسے نوازا اور قومی رشی بتایا۔جس کے جواب میں وزیر اعظم مودی نے کہا کہ بابا جی نے مجھے خصوصی احترام دے کر سرپرائز کر دیا۔وزیر اعظم مودی نے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مجھے معلوم نہیں تھا، بابا نے سرپرائز دے دیا، بڑی جذباتیت کے ساتھ مجھے خصوصی احترام سے نوازا اور عزت دی، میں بابا اور پورے پتنجلی خاندان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، میں بخوبی سمجھتا ہوں کہ جب آپ کو عزت ملتی ہے،تو اس کا مطلب ہوتا ہے کہ آپ سے فلاں فلاں امیدیں ہیں اور اس کو پورا کرو۔ایک طرح سے میرے سامنے، مجھے کیا کرنا چاہیے اور کس طرح کرنا چاہے اس کا دستاویزگروجی (رام دیو)نے رکھ دیا ہے۔پیٹھ کی جانب سے پتنجلی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے افتتاح کے موقع پر اشتہارات بھی جاری کئے گئے ہیں۔اشتہار میں مودی کو بھگوان کاانعادم بتایا گیا ہے۔اشتہار میں آگے لکھاہے، قوم کا فخر جن میں ہندوستان کے سوا سو کروڑ شہری اپنے سنہرے مستقبل کا خواب دیکھتے ہیں، جوعظیم اور خوبصورت ہندوستان بنانے میں اہم کردار اداکر رہے ہیں۔اس ملک کو رشی کی شکل میں بھگوان کا ایک تحفہ ملا ہے۔ٹی وی رپورٹوں کے مطابق، 200کروڑ کی لاگت سے تعمیر یہ پانچ منزلہ انسٹی ٹیوٹ 10ایکڑ میں پھیلا ہوا ہے اور اس میں ایک تہہ خانہ بھی بنایا گیا ہے جس میں بیمار جانوروں کو رکھا جائے گا۔اس کو دنیا بھر میں آیورویدک ادویات کو مقبولیت دلانے کی ایک کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔پتنجلی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ہندوستان میں آیور ویدک کے میدان میں عالمی معیار پر کلینکل ٹرائل کرنے والا پہلا ادارہ ہو گا۔کلینکل کنٹرول ٹرائل کے ذریعے آیورویدک جڑی بوٹیوں اور ادویات کو دنیا بھر میں ایک سائنٹیفک اور قابل اعتماد دواؤں کے طور پر مقبولیت دلائی جا سکے گی۔ریسرچ سینٹر میں کلینکل کنٹرول ٹرائل، ڈرگس کی اسکریننگ، فارماکوگنو سی، ڈرگس ڈسکوری، ڈرگس سیفٹی، کرونک ڈیسیزیزاسٹڈی اورفارماکولوجی جیسے اہم کام ہوں گے۔